دیباچہ
میرے سادہ‘ آسان فہم ‘ مختصر اور جامع مضامین مرکزی انجمن خدام القرآن لاہور کے زیراہتمام شائع ہونے والے جرائد میثاق‘ حکمت قرآن اور ندائے خلافت میں سالہا سال تک چھپتے رہے۔ مضمون عقل سلیم کو متاثر کرتے تھے‘ کیونکہ ان کی بنیاد قرآن مجید‘ مستند احادیث اور سیرصحابہؓ پر تھی۔ چنانچہ قارئین نے انہیں پسند کیا اور میری حوصلہ افزائی کی۔ دوست احباب کے مشورے سے میںنے ان مضامین کو اکٹھا کر کے کتابی شکل دے دی۔ ۳۷مضامین پر مشتمل یہ مجموعہ ’’انوارِ ہدایت‘‘ کے نام سے ۲۰۰۷ء میں شائع ہوا۔ بعد ازاں ۲۰۱۱ء میں گیارہ مزید مضامین شامل کر کے اس کا نظر ثانی شدہ ایڈیشن شائع کیا گیا۔اس کا تیسرا ایڈیشن ۲۰۱۴ء میں ’’انوارِ ہدایت‘‘ (حصہ اوّل) کے طور پر شائع ہوا۔
اس کے بعد سے تادم تحریر میرے مضامین دیگر اسلامی تعلیمات پر مبنی رسائل کے علاوہ مذکورہ رسائل میں بھی شائع ہوتے رہے اور ہو رہے ہیں۔جب ان مضامین کی تعداد میں معتدبہ اضافہ ہوا تو انہیں بھی کتابی شکل میں اکٹھا کرنے کا خیال پیدا ہوا۔ چنانچہ ماہنامہ میثاق میں شائع شدہ یہ مضامین ’’انوارِ ہدایت‘‘ حصہ دوم میں جمع کر کے شائع کیے جا رہے ہیں۔
اُمید واثق ہے کہ ’’انوارِ ہدایت‘‘ حصہ اوّل کی طرح حصہ دوم کو بھی پذیرائی ملے گی اور باذوق قارئین کی طرف سے راقم کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ پڑھنے والے قرآن و سنت کی تعلیمات پر مبنی ان تحریروں کا بلاتعصب مطالعہ کریں گے تو وہ ضرور ان میں راہِ صواب پائیں گے۔ اللہ کرے میری یہ پرخلوص کوشش فہم دین کی چاہت رکھنے والوں کے ہاں قبولیت حاصل کرے۔
قارئین کی دعائوں کا طالب
پروفیسر محمد یونس جنجوعہ
مارچ ۲۰۱۷ء