باب اوّل
پاکستان کا عدم استحکام
حقیقی و واقعی یا وہمی و خیالی؟
عالمی سطح پر پاکستان کا شمار بالعموم غیر مستحکم یا بالقوہ مائل بہ انتشار خطوں میں ہوتا ہیـ۔ چنانچہ پروفیسر زائرنگ جو طویل عرصے تک پاکستان میں مقیم رہے او رپاکستان کے اعلیٰ ترین سرکاری تربیتی ادارے (اسٹاف کالج لاہور) سے وابستہ رہے، اُن کا ایک مضمون غیر ملکی جرائد کے حوالے سے پاکستان کے اخبارات میں بھی شائع ہو چکا ہے، جس میں انہوں نے برملا اور واشگاف الفاظ میں ان خیالات کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان تا حال اپنے جداگانہ تشخص کا جواز ثابت نہیں کر سکا ہے، لہٰذا عنقریب مزید حصے بخرے ہونے کے عمل سے دو چار ہو جائے گا۔ اعاذنا اللہ من ذلک!!
اِدھر داخلی طور پر ایک جانب تو بانی پاکستان کا یہ جملہ تمام ذرائع ابلاغ کے ذریعے مسلسل نشر ہوتا ہے کہ ’’پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے۔‘‘ اور دوسری طرف صورت واقعی یہ ہے کہ ذرا ہوا تیز چلتی ہے تو پاکستان کی کشتی ہچکولے کھانے لگتی ہے، اور سیاسی حالات میں ذرا مدو جذر کی کیفیت پیدا ہوتی ہے تو خواص و عوام سب کے ذہن ہی نہیں زبان تک پر یہ سوال آ جاتا ہے کہ ’’پاکستان باقی بھی رہے گا یا نہیں؟‘‘
لہٰذا اِس امر کا پوری حقیقت پسندی کے ساتھ جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ آیا پاکستان کا مبینہ عدم استحکام حقیقی اور واقعی ہے یا ؏
’’یہ ہوائی کسی دشمن نے اڑائی ہو گی!‘‘
کے مصداق محض دشمنوں کی اِس سازش کا مظہر ہے کہ اس طرح پاکستان کی مسلمان قوم کے دلوں میں بے یقینی کی کیفیت پیدا کر کے اجتماعی قوتِ ارادی (Collective Will) کو مضمحل کیا جائے۔
راقم کے تجزیے کے مطابق پاکستان کا عدم استحکام وہمی و خیالی نہیں حقیقی اور واقعی ہےاور